منگلورو5؍جنوری (ایس او نیوز) گزشتہ دو دن قبل کاٹی پالا میں ہوئے ہندوتواوادی تنظیم کے رکن دیپک راؤ کے قتل کے پس منظر میں بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے کارکنان نے منگلورواور اڈپی میں راستہ روکو احتجاج کیا۔
منگلورو میں بیسنٹ ویمنس کالج کے قریب زعفرانی احتجاجیوں نے تقریباً پندرہ منٹ تک راستہ روکو مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک جام کروادیا۔ احتجاجیوں نے حکومت مخالف نعرے بازی کے ساتھ الزام لگایا کہ ریاستی حکومت کی" اینٹی ہندو پالیسی" کی وجہ سے ہندو کارکنان قتل ہورہے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وشوا ہندو پریشد کے لیڈر ایم بی پورانیک نے کہا کہ ریاستی حکومت دستور ہند کے اصولوں پر کام نہیں کررہی ہے ۔ بلکہ یہ صرف اقلیتوں کوخوش کرنے والی حکومت ہے۔دہشت گردوں کے حمایت یافتہ گروہوں نے حکومت کو اغوا کرلیا ہے اور اب وہ ہندوؤں کو نیست و نابود کرنے کے درپے ہوگئے ہیں۔
برکے پولیس اسٹیشن سے وابستہ افسران نے موقع پر پہنچ کرراستہ روکو کرنے والے مظاہرین کو وہاں سے ہٹانے کے ساتھ ایم بی پورانیک، جگدیش شینوا،شرن پمپ ویل کے علاوہ دبجرنگ دل اور وی ایچ پی کے سیکڑوں کارکنان کو گرفتار کرلیا۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔
اڈپی میں تریوینی سرکل کے پاس بجرنگ دل کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور کچھ دیر کے لئے راستہ روکے رکھا۔یہاں پر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی رگھو پتی بھٹ نے دیپک راؤ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔بھٹ نے کہا کہ اس سے قبل ہندو کارکنان کے قتل پر خاموش احتجاج کیا جاتا تھا، مگر اب معاملہ پرتشدد احتجاج میں بدل چکا ہے ۔ریاستی وزیر اعلیٰ جن مقامات کا دورہ کررہے ہیں وہاں ہندو کارکنان کا قتل ہورہا ہے۔ ضلع جنوبی کینرا کے ایک کانگریسی وزیرکا دیپک راؤ قتل سے تعلق رکھنے والے ایک بدنام مجرم کے ساتھ لنچ کرنے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔رگھو پتی بھٹ کا کہنا تھا کہ وقفے وقفے باقاعدہ سازش کے ساتھ انجام دیاہندو کارکنان کو قتل کیا جارہا ہے۔اور یہ قتل کانگریسی وزراء اور ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ہورہے ہیں۔
اڈپی ضلع پنچایت کی نائب صدر اور بی جے پی ویمنس ونگ کی ضلعی صدر شیلا شیٹی نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کرناٹکا میں کیا واقعی ریاستی حکومت موجود بھی ہے!شیلا نے ریاستی حکومت کی طرف سے ہونے والی زیادتیوں اور دیپک راؤ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سدارامیا کے حمایتیوں کی جانب سے ہندوؤں کو ختم کرنے کے منصوبے پر عمل کیا جارہا ہے۔
اڈپی میں ہوئے اس احتجاجی راستہ روکو مظاہرے میں بی جے پی کے ریاستی سکریٹری یشپال سوورنا،بجرنگ دل کے کنوینر دنیش مینڈون،وی ایچ پی کے سٹی یونٹ صدرسنتوش کمار بولجے، وی ایچ پی کے سابق صدرسوپرساد شیٹی اور دیگر کارکنان نے حصہ لیا۔یہاں بھی پولیس نے علامتی طور پر احتجاجیوں کو گرفتار کیا اور ضابطے کارروائی انجام دینے کے بعد انہیں رہا کردیا۔